بیندور،22؍جون (ایس اونیوز) بیندور پولیس اسٹیشن کے کانسٹیبل کی کووِڈ جانچ رپورٹ 21؍جون کو پوزیٹیو نکلی تھی اور آج اسی پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایک لیڈی پولیس کانسٹیبل کی رپورٹ پوزیٹیو نکلی ہے۔
خیال رہے کہ کل کانسٹیبل کی رپورٹ آنے کے بعد بیندور پولیس اسٹیشن اور سرکل پولیس انسپکٹر کے دفتر کو پوری طرح سیل ڈاؤن کردیا گیا تھااور پولیس اسٹیشن کے دیگر افسران اور اہلکاروں کی جانچ کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ تمام افسران اور عملے کو 14؍دنوں کے لئے کوارنٹین میں بھیجا گیا ہے۔ اب خاتون پولیس کانسٹیبل کے اندر بھی مرض پائے جانے سے دیگر عملے میں خوف او ر تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اسی دوران معلوم ہوا ہے کہ شیرور پرائمری ہیلتھ سینٹر سے وابستہ ایک ہیلتھ اسسٹنٹ کی جانچ رپورٹ کورونا پوزیٹیو آئی ہے جس کے بعد پرائمری ہیلتھ سینٹر کو پوری طرح سیل ڈاؤن کردیا گیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ دونوں متاثرین کے ابتدائی اور ثانوی رابطے میں آنے والے افراد کی نشاندہی کرنے کی کوشش تیز ی سے جاری ہے۔